پاکستان ۱۴ جولائی ۲۰۲۶

آزاد کشمیر میں کالعدم تنظیم کا مقصد پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینا ہے، سیکریٹری داخلہ

کوئٹہ (ویب نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری داخلہ گفتار حسین نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کا بنیادی مقصد پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینا اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنا ہے۔ راولاکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ، خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ احتجاج کی آڑ میں دھونس، بلیک میلنگ اور پروپیگنڈے کی سیاست کو مستقل ہتھیار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو دھمکیاں دے کر زبردستی بازار بند کرانا بھی کالعدم تنظیم کا معمول بن چکا ہے۔ سیکریٹری داخلہ کے مطابق راولاکوٹ میں شرپسند عناصر نے معصوم شہریوں پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ کی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شاہراہوں کی مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا اور آزاد کشمیر کے غیور عوام نے شرپسند عناصر کے انتشار پر مبنی ایجنڈے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔