تازہ ترین ۱۴ جولائی ۲۰۲۶

آبنائے ہرمز کی کشیدگی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ

کوئٹہ (ویب نیوز)آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت تقریباً 82 ڈالر جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکا ہے، جو چند روز قبل 68 اور 71 ڈالر فی بیرل کے قریب تھا۔ دریں اثنا وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی پر غور کیا گیا، جس کے تحت ہفتہ وار کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں مقرر کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اصلاحاتی کمیٹی اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی، جن کی روشنی میں نیا نظام وضع کیا جائے گا۔ ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ حکومت کے لیے روزانہ قیمتوں کا تعین آسان نہیں ہوگا کیونکہ اس میں عالمی تیل کی قیمت، ڈالر کا ریٹ، لیوی اور دیگر مالیاتی عوامل بھی شامل ہوتے ہیں۔