تہران (ویب نیوز) ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کی خودمختاری کا حصہ ہے اور اس اہم آبی گزرگاہ کی سلامتی یا استحکام میں کسی بھی امریکی مداخلت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایرانی فوج نے تمام آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستوں کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز امریکا کا کھیل کا میدان نہیں بلکہ ایران کی غیر متنازع خودمختاری کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، اور اس کی سلامتی ایران کی مسلح افواج کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد اس آبی گزرگاہ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ امریکی طیاروں اور ڈرونز کی پروازوں کو بھی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ ایران نے عزم ظاہر کیا کہ آبنائے ہرمز پر اپنے خودمختار حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔
