کوئٹہ (ویب نیوز): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، جبکہ محمد عباس کو وارننگ جاری کی گئی۔ آئی سی سی کے مطابق دونوں کھلاڑی لیول ون ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے اور ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا۔ خرم شہزاد نے شائے ہوپ کے آؤٹ ہونے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منایا، جبکہ محمد عباس نے جومیل واریکن کی وکٹ کے بعد ضابطے سے متصادم رویہ اختیار کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو کی تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہ آئی۔
