اسلام آباد(ویب نیوز)عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی مسائل کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف نہیں بلکہ ملک کی اپنی غلط معاشی پالیسیاں ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ بجٹ کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سال ملکی معیشت کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہوئے، حکومت نے عوام کو حقیقی ریلیف نہیں دیا بلکہ نئے بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرضوں اور سود کی ادائیگیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ معاشی اصلاحات نظر نہیں آ رہیں، وفاق اور صوبوں کے مالی معاملات بھی تشویشناک ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے زور دیا کہ وسائل سے زیادہ اخراجات، قومی وسائل کا ضیاع اور سیاسی عدم استحکام معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس لیے معاشی بحران سے نکلنے کے لیے قومی اتفاقِ رائے اور مؤثر اصلاحات ناگزیر ہیں۔
