مقامی ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶

عوامی مسائل کا حل محض اعلانات سے نہیں، عملی اقدامات سے ممکن ہے، زمرک اچکزئی

کوئٹہ(ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کا حل محض اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے، حکومت کو امن و امان، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، صوبے کے وسائل عوام کی فلاح اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خرچ کیے جائیں، جبکہ تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہیں، نوجوانوں کو معیاری تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتیں اور منتخب نمائندے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔