کوئٹہ(ویب نیوز) مستونگ کے علاقے نوزہ کانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمی کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد میں ایک کا تعلق ڈھاڈر جبکہ دوسرے کا مستونگ سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق تینوں افراد مبینہ طور پر ڈکیتیوں میں ملوث ایک گروہ سے تعلق رکھتے تھے اور انہوں نے ایک پک اپ گاڑی چھینی تھی۔ تینوں افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ واقعے کے محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
