کوئٹہ(ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ غیر آئینی اقدامات نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے دوچار کیا، جبکہ آئین پر مکمل عملدرآمد ہی امن و استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی محاذ آرائی کے باعث ملک کا سیاسی و جمہوری مستقبل بحران کا شکار ہے، سیاسی جماعتوں نے ماضی میں غیر جمہوری اقدامات کے لیے راستے ہموار کیے، جبکہ ملک مزید آئینی، سیاسی اور معاشی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی افراتفری کے باعث نظام متاثر اور معاشی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
