تازہ ترین ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی، مالی امور اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

کوئٹہ/گوادر(ویب نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرصدارت اجلاس میں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی، مالیاتی اور ترقیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے جاری اور مکمل ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات اور ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جی ڈی اے اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت سڑکوں و گلیوں کی صفائی، ڈرینج و سیوریج، شجرکاری، پانی کی فراہمی اور دیگر شہری خدمات سرانجام دے رہا ہے، جبکہ غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ سوڈ ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے باعث شادی کور سے روزانہ پانی پمپ کرکے گوادر کو فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم بجلی کی عدم دستیابی کے باعث جنریٹرز کے استعمال سے اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شادی کور پمپنگ اسٹیشن کو پسنی گرڈ سے بجلی کی فراہمی کے لیے علیحدہ فیڈر کا پی سی ون منظوری کے لیے پیش کیا جاچکا ہے۔ چیف سیکرٹری نے جی ڈی اے کی آمدن بڑھانے، مالی خودانحصاری، وسائل کے مؤثر استعمال اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جی ڈی اے اسکول کو کسی مستند ادارے کے ذریعے چلانے کے امکان کا جائزہ لینے اور آئندہ جی ڈی اے بورڈ اجلاس میں جامع سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔