تازہ ترین ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶

سعودی عرب کی اپیل پر چین کا ایران سے رابطہ، حوثیوں پر اثر و رسوخ استعمال کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ(ویب نیوز) سعودی عرب کی اپیل پر چین نے ایران سے نجی رابطہ کرکے حوثیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے اور بحیرۂ احمر و آبنائے باب المندب میں کشیدگی مزید پھیلنے سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق تین ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے حوثیوں کی بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں اور باب المندب تک پیش قدمی اور سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد چین سے مدد طلب کی تھی۔ ایرانی ذرائع کے مطابق چین کے پیغام کے جواب میں تہران نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا انحصار اس کے بقول ایران پر مسلط امریکی و اسرائیلی جنگ کے خاتمے پر ہے۔ چین نے 2023 میں ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ بیجنگ تنازع کو یمن اور بحیرۂ احمر تک پھیلتا نہیں دیکھنا چاہتا، تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام اور مسائل کا مذاکرات کے ذریعے حل ضروری ہے۔