مقامی ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

میٹروپولیٹن کارپوریشن کے یونین آفس پر تالے لگانا ناقابل قبول ہے: خان زمان

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان، چیئرمین حاجی بشیر احمد رند، سیکرٹری جنرل قاسم خان کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے یونین آفس کو مبینہ طور پر میجر بشیر بڑیچ کے حکم پر زبردستی تالے لگانے اور یونین نمائندوں کو دفتر میں بیٹھنے سے روکنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مزدور دشمن رویہ قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مذکورہ یونین گزشتہ 20 سال سے اسی دفتر میں اپنے تنظیمی امور انجام دے رہی ہے، اس لیے یونین آفس پر تالے لگانا اور منتخب نمائندوں کو اپنے دفتر میں بیٹھنے سے روکنا مزدوروں کے بنیادی تنظیمی حقوق پر قدغن ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں عوامی خدمت اور ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے اگر انتظامیہ ظلم، جبر اور آمرانہ طرز عمل اختیار کرے گی تو اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔ رہنماؤں نے میٹروپولیٹن آفس کو عوامی خدمت کے مرکز کے بجائے مارشل لا ایڈمنسٹریٹر آفس بنانے کی کوششوں کو بھی قابل مذمت قرار دیا۔ بلوچستان لیبر فیڈریشن کے رہنماؤں نے حکومت بلوچستان، بالخصوص وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں یونین کے خلاف جاری مبینہ پابندیوں اور جبر کا فوری نوٹس لیا جائے، یونین آفس کے تالے کھول کر اسے متعلقہ یونین کے حوالے کیا جائے اور یونین نمائندوں کو اپنے تنظیمی فرائض انجام دینے کی اجازت دی جائے۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ مزدوروں کے حقوق اور یونین کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔