کھیل ۱۶ مئی ۲۰۲۶

جاپانی قونصل جنرل ندیم شاہ نے کراٹے پلیئرز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے

کوئٹہ(اے این این)جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر حسین علی چنگیزی اور ٹیکنیکل آفیشل عبداللہ چنگیزی کی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ایک وفد نے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے جاپان قونصلیٹ کوئٹہ میں ملاقات کی ۔اس موقع پر ندیم شاہ نے جاپان کراٹے ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر ٹوکیو سے موصول ہونے والے سرٹیفکیٹ نوجوان کراٹے پلیئرز میں تقسیم کیے ۔ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ کھیل ترقی، امن اور خوشحالی کی بنیاد ہیں اور ایک صحت مند معاشرے و مضبوط قوم کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،جاپان قونصلیٹ کوئٹہ کراٹے سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سمت دینے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، کھیل سماجی ہم آہنگی، برداشت اور برابری کو فروغ دیتے ہوئے عدم مساوات کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کیلئے انتہائی ضروری ہیں کھیلوں کے فروغ سے سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے دور رکھنے کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور اپنے علاقوں شہر کی سطح پر مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے کیونکہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہو تے ہیں وہاں ہسپتا ل ویران ہو جاتے ہیں،کھیل سے نہ صرف جسمانی اور ذہنی نشوونما بہتر ہوتی ہے بلکہ فرقہ واریت اور علاقائی تعصبات کا خاتمہ کر کے قومی ہم آہنگی بھی فروغ پاتی ہے۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن (جے کے اے) دنیا کی سب سے قدیم اور باوقار جاپانی شوتوکان کراٹے تنظیموں میں سے ایک ہے،عالمی سطح پر جاپان کراٹے ایسوسی ایشن کے ممبران دنیا کے 120 سے زائد ممالک میں موجود ہیں،اس تنظیم کا بنیادی ہدف دنیا میں امن کا فروغ اور نوجوانوں میں ذہنی و جسمانی صحت کی بہتری ہے۔