کوئٹہ(ویب نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں وہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے جہاں مکہ معاہدہ نافذ ہونا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کی تفصیلات میں نہیں جاسکتے، تاہم پاکستان مکہ معاہدے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا پیغام ایران تک پہنچا چکا ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ ایران بطور ریاست خطے میں کوئی نیا محاذ کھولے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مکہ معاہدہ نہ بھی ہو تو مقدس مقامات کی حفاظت پاکستان کا فریضہ ہے، مکہ مکرمہ پر حملہ ہوا تو اس کی حفاظت کے لیے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مکہ معاہدہ پاکستان پر لاگو ہوتا ہے اور ملک اپنا فرض ادا کرے گا۔
