کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرول پر پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے سبسڈی کے حصول کو آسان بنانے کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستحق شہریوں کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پائلٹ افتتاح کے بعد اسکیم اب ملک بھر میں نافذ کردی گئی ہے اور صوبائی حکومتیں اس کے نفاذ میں تعاون کر رہی ہیں۔
