خاران (اے این این) آل خاران جشن حسنین جان محمد حسنی لوکل فٹبال ٹورنامنٹ زیر نگرانی ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن خاران کے تحت فائنل میچ کھیلا گیا، جس میں شاعر نصیر جان کبدانی فٹبال کلب خاران اور شہید سرفراز ناز فٹبال کلب خاران کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ فائنل میں شاعر نصیر جان کبدانی فٹبال کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفر کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کر لی۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی حاجی شاہ فیصل شیخ سمیت مختلف سماجی، کھیلوں اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اختتامی تقریب میں فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں، شیلڈز اور کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا گیا، جبکہ منتظمین نے ٹورنامنٹ کی کامیاب تکمیل پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
