پاکستان ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

دہشت گردی کی سہولت کاری میں اہم ادارے کا سرکاری افسر ملوث ہے، طلال چوہدری

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی سہولت کاری کرنے والے نیٹ ورک میں ایک اہم ادارے کا سرکاری ملازم بھی ملوث ہے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا ضیا نامی شخص مبینہ طور پر دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا اور اسے سیاسی پشت پناہی بھی حاصل تھی، جبکہ اکبر نامی سرکاری ملازم بھی اس نیٹ ورک کا حصہ تھا اور افغانستان سے کشمیر تک اسلحہ پہنچاتا تھا۔ طلال چوہدری کے مطابق ضیا کے مختلف مبینہ سہولت کاروں سے رابطے تھے اور اسے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے اور دہشت گردی و جرائم کا نیٹ ورک منشیات، اسلحے، پٹرول اور گاڑیوں کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور روزانہ تقریباً 200 کارروائیاں کی جارہی ہیں، جبکہ حکومت کی ترجیح دہشت گردی اور سہولت کاری کے نیٹ ورک کا خاتمہ ہے۔