کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج اور سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میر باز محمد کھیتران نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہداء اور جیالوں کی جماعت ہے، جس کی مرکزی قیادت نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر جمہوریت کی آبیاری کی، جبکہ ہر دور میں پارٹی کے جیالے کارکنوں نے اسے فعال اور مضبوط بنانے کے لیے قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کیا اور اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی، حقیقی جیالوں اور کارکنوں کو نظرانداز کیا گیا، جس کے باعث کارکنوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو چاہیے کہ وہ کارکنوں کے تحفظات کا نوٹس لے اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے ثناء اللہ جتک، حاجی نصیب اللہ اچکزئی، سردار خیر محمد ترین، نعیم بلوچ، اختر بلوچ، سردار سرور سلیمان خیل، شہزادہ کاکڑ، نذر کاکڑ، ایم ظاہر موسیٰ خیل، انجینئر احسان، امتیاز جتک سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، مرکزی و صوبائی قائدین اور کارکنوں نے جمہوریت کے فروغ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، تاہم اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان میں پارٹی کے جیالوں اور کارکنوں کے لیے وہ اقدامات نہیں کیے گئے جن کی ضرورت تھی۔ انہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر مملکت آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور سے مطالبہ کیا کہ وہ کارکنوں میں پائی جانے والی تشویش کا نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کے وزراء اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت کریں کہ کارکنوں کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور انہیں روزگار سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ پارٹی کو مزید مضبوط، فعال اور منظم بنایا جا سکے۔
