مقامی ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان کے بحرانوں کی جڑ آئین اور وفاقی اصولوں سے انحراف ہے، عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ (ویب نیوز)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحرانوں کی بنیادی وجہ آئینی، جمہوری اور وفاقی اصولوں سے مسلسل انحراف اور آئینی اداروں کے اختیارات میں مداخلت ہے۔ بولان میڈیکل یونیورسٹی کے نئے طلبا کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر بحرانوں کا حل ممکن نہیں، جبکہ فارم 47 کے ذریعے قائم ہونے والی موجودہ حکومت اور پارلیمنٹ سے اچھی گورننس کی توقع عبث ہے۔ انہوں نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ذریعے صوبائی خودمختاری متاثر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی معاملات میں مداخلت سے وفاقی اصول کمزور ہوئے ہیں۔ عبدالرحیم زیارتوال نے صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال، شاہراہوں کے غیر محفوظ ہونے، روزگار کے محدود مواقع، کرپشن، سفارش اور اقربا پروری پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت صوبے میں امن قائم کرنے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور معیاری تعلیم و صحت کی سہولیات یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے سیاسی و جمہوری قوتوں پر زور دیا کہ وہ آئین اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔