مقامی ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

سانحہ شاہرگ کی شفاف تحقیقات، کان کنی کے شعبے میں حفاظتی قوانین پر عملدرآمد کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن نے ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان ایریا نمبر 151 میں گیس جمع ہونے کے باعث پیش آنے والے المناک حادثے میں 4 کانکنوں کے جاں بحق اور 5 کے شدید زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فیڈریشن کے رہنماؤں نے زخمی کانکنوں کی اسپتال جاکر عیادت کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ انجینئر حسین ہارون کی نگرانی میں پی ایم ڈی سی ریسکیو ٹیم کے بروقت امدادی آپریشن کو سراہا، جس کے نتیجے میں زخمی مزدوروں کو اسپتال منتقل کرکے ان کی جانیں بچائی گئیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن سلطان محمد خان، مرکزی چیئرمین عبدالستار، آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات منظور احمد بلوچ، بلوچستان کے صدر شاہ علی بگٹی اور دیگر ٹریڈ یونین رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوئلہ کانوں میں بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے مائنز سیفٹی قوانین اور آئی ایل او کنونشن C-176 پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ٹھیکیداری نظام ختم کیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر مائنز انسپکشن کرائی جائے اور کانکنوں کے لیے ہیلمٹ، حفاظتی چشمے، ماسک اور آکسیجن سلنڈر سمیت تمام ضروری حفاظتی سامان کی فراہمی لازمی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی مائنز کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا اور کانکنوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنایا جاسکے۔