کوئٹہ (ویب نیوز)گڈانی کے علاقے حبکو کنڈ کے قریب کھلے سمندر میں تیز لہروں کی زد میں آکر مچھلی کے شکار کے لیے جانے والی ماہی گیر کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 6 ماہی گیر سمندر میں ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ حب اور محکمہ فشریز لسبیلہ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کے دوران محکمہ فشریز کی خصوصی ٹیموں اور دو ریسکیو بوٹس نے مسلسل تلاش جاری رکھی۔ مشکل سمندری حالات، تیز لہروں، کم حدِ نگاہ اور رات کے اندھیرے کے باوجود ریسکیو ٹیموں نے 3 ماہی گیروں کو بحفاظت نکال لیا، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا، جبکہ 3 جاں بحق ماہی گیروں کی میتیں بھی سمندر سے نکال لی گئیں۔ حکام کے مطابق آپریشن میں محکمہ فشریز، مقامی ماہی گیروں اور متاثرہ خاندانوں نے تعاون کیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ محکمہ فشریز لسبیلہ نے جاں بحق ماہی گیروں کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
