مقامی ۱۳ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ شہر میں غیر قانونی موٹر سائیکل پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے، عوامی حلقے

کوئٹہ(ویب نیوز) عوامی و سماجی حلقوں نے کوئٹہ شہر کی اہم شاہراہوں اور بازاروں میں غیر قانونی موٹر سائیکل اور کار پارکنگ کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مین روڈز اور فٹ پاتھوں سے غیر قانونی پارکنگ فوری ختم کی جائے۔ شہریوں کے مطابق عدالت روڈ، پٹیل روڈ، عبدالستار روڈ، زرغون روڈ، اکرم ہسپتال اور سٹی انٹرنیشنل ہسپتال کے قریب فٹ پاتھوں پر موٹر سائیکل اسٹینڈز کے باعث ٹریفک کی روانی اور پیدل آمدورفت شدید متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کو پارکنگ کے لیے استعمال کرکے شہریوں سے فیس وصول کرنا ناقابل قبول ہے۔ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ پارکنگ کے لیے واضح اور شفاف پالیسی بنائیں اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مخصوص مقامات مختص کریں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور اہم شاہراہوں و فٹ پاتھوں کو خالی کراکے کوئٹہ میں ٹریفک اور پارکنگ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔