کوئٹہ(ویب نیوز) صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی، بخت محمد کاکڑ، میر ظہور احمد بلیدی اور حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے نوجوان نسل کو اپنا مثبت اور بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوان صوبے کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں منفی پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے اپنی صلاحیتیں تعلیم، تحقیق، قلم اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک و صوبے کی خدمت کے لیے استعمال کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے اور بلوچستان ہمیشہ قائم و دائم اور محفوظ رہے گا۔ صوبائی وزراء نے قومی شاہراہوں اور اہم سڑکوں پر پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکیں اور پل تباہ کرنے سے ریاست نہیں بلکہ براہِ راست بلوچستان کے عوام متاثر ہوتے ہیں، جبکہ مسافروں، ٹرانسپورٹرز، تاجروں، مریضوں، طلبہ اور روزگار کے لیے سفر کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں بلوچستان کے عوام کی خیرخواہ نہیں بلکہ دشمن ہیں اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔ صوبائی وزراء نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے سے خود کو محفوظ رکھیں، تعلیم اور مثبت سوچ اپنائیں، کیونکہ بلوچستان کا مستقبل باشعور، تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں سے وابستہ ہے۔
