کوئٹہ (ویب نیوز) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے اجلاس میں ملکی مفاد میں مل کر آگے بڑھنے، باہمی تعاون جاری رکھنے اور اختلافات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والے اجلاس میں سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات، مہنگائی، پٹرولیم قیمتوں، لوڈشیڈنگ اور کسانوں کے مسائل پر پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ حسن مرتضیٰ اور اسحاق ڈار کے درمیان تلخی بھی ہوئی۔ پیپلز پارٹی نے گزشتہ اجلاس میں دی گئی سفارشات اور اسکیموں پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایت بھی کی۔ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
