شیرانی (ویب نیوز) ضلعی ہیڈکوارٹر شیرانی کو ستنو راغہ میں بحال کرنے اور سرکاری اداروں کو مکمل فعال بنانے کے لیے جاری پرامن احتجاجی دھرنا 196ویں روز میں داخل ہوگیا۔ آل شیرانی حریفال اتحاد کے سربراہ سردار غلام سرور شیرانی کی قیادت میں قبائلی عمائدین اور نوجوانوں نے دھرنے میں شرکت کی۔ مقررین نے الزام عائد کیا کہ ایم پی اے ڈاکٹر نواز کبزئی نے ضلع شیرانی کے عوام کے حقوق کو نظر انداز کیا ہے اور پی ایس ڈی پی میں ضلع کے لیے کوئی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان روزگار سے محروم ہیں اور ملازمتوں کی فروخت کی شکایات عام ہیں۔ انہوں نے ٹانک روڈ کے باقی ماندہ حصے، چچوبی روڈ اور انزرخیزئی روڈ کی فوری تکمیل، سیٹلمنٹ کا عمل مکمل کرنے اور سرکاری افسران و ملازمین کو اپنی جائے تعیناتی پر حاضری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رہے گی۔
