مقامی ۱۲ ستمبر ۲۰۲۶

بندل خوشدل خان سے منزکی ڈب کراس تک سڑک کی عدم تعمیر پر تشویش

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی نے بندل خوشدل خان سے منزکی ڈب کراس تک سڑک کی تعمیر نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان، علاقے کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر پشین سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی منظوری کے باوجود سڑک کی تعمیر نہ ہونے سے علاقے کے عوام مشکلات کا شکار ہیں جبکہ خستہ حال سڑک کے باعث مریضوں، خواتین اور بزرگوں کو ہنگامی حالات میں شدید دشواری پیش آتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے لیے علاقہ مکین، سماجی کارکن اور نوجوان تنظیمیں متعدد بار احتجاج بھی کرچکی ہیں۔ انہوں نے سڑک کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما اسلام نظریاتی مقامی عمائدین اور فلاحی تنظیموں کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔