خضدار (ویب نیوز) تحصیل وڈھ کے علاقے سونارو میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کے خلاف وڈھ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جبکہ مظاہرین نے سونارو اور وڈھ سٹی کے قریب قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی۔ مظاہرین نے نعشیں شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور سیکڑوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد تقریباً 30 گھنٹے بعد قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔
