پاکستان ۱۱ ستمبر ۲۰۲۶

وزیراعظم کا محمود خان اچکزئی کو خط، الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں پر آئینی طریقہ کار کی یقین دہانی

اسلام آباد/کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے محمود خان اچکزئی کے خط کا جواب ارسال کردیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وزیراعظم کا خط اپوزیشن لیڈر کو موصول ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری نے بھی محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی تھی، جس دوران وزیراعظم کی جانب سے خط کا جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور آئندہ دو سے تین روز میں اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ وزیراعظم کے خط کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔ وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی مشاورت کے عمل میں اعتماد میں لیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر آئندہ چند روز میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مزید مشاورت متوقع ہے۔