کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) اور کوئٹہ پریس کلب نے سوراب کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ پر پریس کلب خاران کے صدر اور سینئر صحافی حاجی عارف کے بیٹوں کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حاجی عارف اور متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بی یو جے کے صدر منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری ایوب ترین سمیت بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب کی کابینہ و ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے مشترکہ بیان میں واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں حاجی عارف کے ایک جوانسال بیٹے کی شہادت اور دوسرے کے زخمی ہونے پر صحافی برادری شدید غمزدہ ہے۔ انہوں نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
