مقامی ۱۱ ستمبر ۲۰۲۶

چمن میں صفائی، خوبصورتی اور شجرکاری کی 10 روزہ خصوصی مہم جاری

چمن (ویب نیوز) بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی خصوصی ہدایات پر چمن شہر میں صفائی، خوبصورتی اور شجرکاری کی 10 روزہ خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں، سڑکوں، گلیوں اور میدانوں سے کچرے کے ڈھیر ہٹائے جا رہے ہیں، صفائی ستھرائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر پودے بھی لگائے جا رہے ہیں۔ مہم کی نگرانی چمن کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فدا احمد بلوچ، میونسپل کارپوریشن کے میئر و قبائلی رہنما حاجی حبیب اللہ اچکزئی، ڈپٹی میئر مطیع اللہ اچکزئی، چیف آفیسر حافظ منیر اور سینیٹری آفیسر محمد اصغر خان کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق مہم کا مقصد چمن شہر کو صاف، خوبصورت اور سرسبز بنانا ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مشترکہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں، صفائی کا خیال رکھیں اور صاف، خوبصورت اور سرسبز چمن کی تشکیل میں اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔