مقامی ۱۱ ستمبر ۲۰۲۶

خضدار: سونارو میں 4 افراد کی ہلاکت کے خلاف کوئٹہ کراچی شاہراہ پر احتجاج

خضدار (ویب نیوز) خضدار کی تحصیل وڈھ کے علاقے سونارو میں گزشتہ شب فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد کی ہلاکت اور ایک خاتون سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کے خلاف علاقے کے لوگوں اور جاں بحق افراد کے لواحقین نے لاشوں کے ہمراہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر احتجاج شروع کردیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مظاہرین نے لاشیں قومی شاہراہ پر رکھ دی ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر کی رات تقریباً 10 بجے وڈھ کے سونارو، کلی یار محمد گرگناری کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ احتجاجی مظاہرین نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد مقامی مزدور تھے۔ دوسری جانب تاحال واقعے کے حوالے سے حکومتی حکام یا سکیورٹی فورسز کا کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔