مقامی ۱۱ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر فائرنگ، خاران پریس کلب کے صدر کا بیٹا جاں بحق، 3 افراد زخمی

سوراب (ویب نیوز) سوراب کے علاقے میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر حاجی کہ کے مقام کے قریب رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خاران کے سینئر صحافی اور خاران پریس کلب کے صدر حاجی محمد عارف کا نوجوان بیٹا زین عارف جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق زین عارف اور دیگر افراد جنید احمد کی گاڑی میں کراچی سے کوئٹہ جارہے تھے کہ سوراب کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی نہ رکنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں حاجی محمد عارف کا بیٹا زین عارف موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ جنید احمد ولد دیدگ وفا محمودزئی، حبیب عارف ولد حاجی محمد عارف سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قلات ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق اور تمام زخمی خاران کے رہائشی ہیں، جبکہ زین عارف اور زخمی حبیب عارف سینئر صحافی حاجی محمد عارف کے بیٹے ہیں۔