اسلام آباد، کوئٹہ (ویب نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے مجلس وحدت مسلمین کے ایک وفد نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے چیف آرگنائزر سید ناصر شیرازی اور مرکزی رابطہ سیکرٹری سید محسن شہریار شامل تھے، جبکہ اس موقع پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قانونی مشیر خالد یوسف چودھری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور علاقائی حالات پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ شرکاء نے موجودہ سیاسی و علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
