کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان صوبائی اسمبلی کی تعلیم کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس اسمبلی سیکرٹریٹ میں کمیٹی کے چیئرمین خیر جان بلوچ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں کمیٹی کے ارکان رحمت صالح بلوچ، میر جہانزیب مینگل اور میر لیاقت علی لہڑی، صوبائی اسمبلی کے سیکرٹری طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ہاشم غلزئی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ’’تعمیرِ نو یونیورسٹی کوئٹہ بل 2026‘‘ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد بلوچستان میں نجی شعبے کے تحت مذکورہ یونیورسٹی کا قیام اور معیاری اعلیٰ تعلیم، تحقیق، جدت اور انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے قیام سے اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں وسعت آئے گی، تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے اور کاروباری صلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کمیٹی کے رکن رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ تعمیرِ نو نے تعلیم کے فروغ اور سماجی ترقی کے لیے قابلِ ذکر خدمات انجام دی ہیں، جبکہ دیگر ارکان نے بھی بل کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے درمیان صحت مند مسابقت اور نوجوانوں کو جدید تعلیم کے مواقع فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین خیر جان بلوچ نے کہا کہ تعلیم سے متعلق قانون سازی خصوصی اہمیت رکھتی ہے اور ایسے بلوں کا جائزہ لیتے وقت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے مفادات، تعلیمی معیار اور طلبہ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھا جانا چاہیے، کیونکہ بلوچستان کی حقیقی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح حاصل ہونی چاہیے۔
