لاہور (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ) پنجاب حکومت نے تاجروں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے یکم جون تک صوبے بھر میں مارکیٹس، دکانوں اور کاروباری مراکز کیلئے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق تمام تجارتی و کاروباری مراکز اب مقررہ وقت کی پابندی کے بغیر کھلے رہ سکیں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اوقات کار میں نرمی تاجروں کی درخواست پر کی گئی، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنا اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے شہریوں کیلئے خریداری کا عمل بھی آسان ہوگا اور عید سے قبل کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
