مقامی ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان محکمہ صحت نے 25 خواتین میڈیکل افسران کو ملازمتوں سے برطرف کر دیا

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان محکمہ صحت نے سرکاری ملازمت سے دانستہ اور غیر مجاز غیر حاضری کے الزام میں 25 خواتین میڈیکل افسران کو ملازمتوں سے برطرف کر دیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان کے سیکرٹری صحت مجیب الرحمن نے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افسران کے خلاف ایکٹ 2011 کے تحت محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی اور ایکٹ کی دفعہ کے تحت برطرفی کی سزا فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ برطرف ہونے والی افسران میں وہ ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جو سول ہسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تعینات تھیں۔ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق کارروائی کی بنیادی وجہ سرکاری فرائض سے دانستہ اور غیر مجاز غیر حاضری تھی اور برطرفی کے بعد مذکورہ افسران کی ملازمتیں فوری طور پر ختم تصور کی جائیں گی۔