پاکستان ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان میں 37 کمپنیاں موبائل فون تیار کر رہی ہیں، ساڑھے 3 کروڑ سے زائد فون بن چکے

کوئٹہ (ویب نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کے اجلاس میں چیف ایگزیکٹو انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے بتایا کہ پاکستان میں 37 کمپنیاں موبائل فون تیار کر رہی ہیں اور اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد موبائل فون بنائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک امریکی کمپنی کے علاوہ متعدد کمپنیاں پاکستان میں موبائل فون تیار کر رہی ہیں جبکہ امریکی کمپنی کو پاکستان لانے کی کوششیں جاری ہیں اور وزیراعظم امریکا کے دورے کے دوران کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات کریں گے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں موبائل فون کی تیاری خوش آئند ہے اور مقامی طور پر تیار ہونے والے فون کم قیمت ہونے چاہئیں، ہمارا ہدف ہر فرد کے لیے اسمارٹ فون کی فراہمی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موبائل فون بنانے والی کمپنیوں کی تعداد مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور اب تھری جی کے بجائے فور جی اور فائیو جی فونز کی تیاری پر توجہ دی جائے۔ چیئرمین کمیٹی کے مطابق پاکستان میں اس وقت 20 کروڑ افراد موبائل فون استعمال کر رہے ہیں، شہریوں کو موبائل فون چھینے جانے کے باعث بار بار نئے فون خریدنا پڑتے ہیں، اس لیے مقامی طور پر تیار ہونے والے موبائل فون سستے اور معیاری ہونے چاہئیں۔