پاکستان ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

وزیراعظم شہباز شریف نے محمود اچکزئی کے خط کا جواب بھجوا دیا

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے خط کا جواب بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری سے متعلق وزیراعظم کا خط محمود خان اچکزئی کو موصول ہوگیا ہے، جس میں وزیراعظم نے الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سے قبل محمود خان اچکزئی سے رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری نے ملاقات کی تھی، جس کے دوران وزیراعظم کی جانب سے خط کا جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں ہیں اور آئندہ دو تین روز میں اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ وزیراعظم کے خط پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔ وہ چیئرمین تحریک انصاف سمیت دیگر رہنماؤں سے مشاورت کے علاوہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی وزیراعظم کے خط سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔