پاکستان ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے حکومت کے رابطے تیز، سپیکر ایاز صادق کو مذاکرات کا مینڈیٹ

کوئٹہ (ویب نیوز) پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے رابطے تیز کردیئے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی سے بات چیت کے لیے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو باقاعدہ مینڈیٹ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان حکومت سے متعلق پیپلز پارٹی کے تحفظات بھی دور کرے گی، سپیکر ایاز صادق کا حالیہ دورہ کوئٹہ بھی اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سپیکر ایاز صادق پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور وہ سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت سے رابطے کررہے ہیں۔ سپیکر ایاز صادق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات کرانے کے لیے بھی کوششیں کررہے ہیں۔