پاکستان ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان بزنس فورم کا وزیراعظم سے پٹرولیم لیوی میں 60 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان بزنس فورم نے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے پٹرولیم لیوی میں 60 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ فورم کے چیف آرگنائزر احمد جواد نے کہا کہ ہر بوجھ عوام اور کاروباری برادری پر منتقل نہیں کیا جا سکتا، حکومت کی معاشی ٹیم کو صرف محصولات بڑھانے کے بجائے عوام اور کاروبار کو ریلیف دینے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 114 روپے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے، مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور معیشت سست روی کا شکار ہے، جبکہ عوام پہلے ہی مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ کے مسائل سے دوچار ہیں۔ احمد جواد کے مطابق گزشتہ مالی سال حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1568 ارب روپے جمع کیے، اس لیے معمولی نوعیت کے سرکاری اخراجات کم کرکے لیوی میں کمی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے نومبر سے قبل گندم کی امدادی قیمت کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔