مقامی ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں مسائل کا حل بندوق نہیں، بلوچستان ہمیشہ سلامت رہے گا: صوبائی وزراء

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزراء نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور عوام کی فلاح صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں حکومت عوام کی محرومیوں کے خاتمے، بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صوبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ دہشت گردی کسی مسئلے کا حل نہیں اور بندوق کے زور پر لوگوں کے دل نہیں جیتے جا سکتے، جبکہ بلوچستان کے عوام باشعور، محب وطن اور امن پسند ہیں جنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران دہشت گردی اور بدامنی کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ مختلف اقوام، قبائل، زبانوں، ثقافتوں اور روایات کا خوبصورت گلدستہ ہے اور صوبے کی اصل طاقت عوام کا اتحاد، بھائی چارہ اور وطن سے محبت ہے۔ صوبائی وزراء نے واضح کیا کہ کوئی غیر قانونی یا دہشت گرد گروہ اور شرپسند عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کے مستقبل کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے عوام اپنے بچوں کے لیے محفوظ مستقبل، بہتر تعلیم، صحت، روزگار، سڑکیں، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات چاہتے ہیں اور حکومت ان ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنر کے مواقع، تعلیم و صحت کے نظام میں بہتری اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ بلوچستان کو تقسیم کرنے اور امن خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی کیونکہ صوبے کی تمام اقوام اور قبائل بلوچستان کی شناخت اور طاقت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور حکومت، عوام اور متعلقہ ادارے امن، ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ طور پر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔