مقامی ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے؛ شیخ زرک مندوخیل

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے رکن شیخ زرک مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مجموعی طور پر حالات حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کنٹرول میں ہیں اور دہشت گردی کے خلاف حکومت اور عوام کا عزم ناقابلِ شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کسی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے اور حکومت صوبے کے امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کو ایک قومی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف اتحاد، یکجہتی اور مضبوط عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ شیخ زرک مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے بچوں کے لیے امن، خوشحالی، تعلیم، روزگار اور ترقی چاہتے ہیں اور حکومت عوام کی خواہشات کے مطابق امن کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے عمل کو روکنے کی کوشش ہے، تاہم حکومت ان عزائم کو ناکام بنائے گی اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد، اتحاد اور تعاون دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی طاقت ہے اور بلوچستان کے امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقی کے لیے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔