بولان (ویب نیوز) ضلع کچھی کی تحصیل باگ کے علاقے سونا خان گاؤں میں سیلاب متاثرین کے علاج کے لیے قائم کیے گئے مفت طبی کیمپ سے واپس آنے والی طبی ٹیم کو مسلح افراد نے لوٹ لیا۔ یہ طبی کیمپ باگ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر مشتاق احمد ابڑو کی نگرانی میں سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹر محمد یوسف، حاجی عبدالغفار، صدور خان، سعید احمد، لعل بخش اور غلام نبی خدمات انجام دے رہے تھے۔ طبی سرگرمیاں مکمل کرنے کے بعد واپسی کے دوران نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کے زور پر روک لیا اور ان سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی باگ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
