مقامی ۹ ستمبر ۲۰۲۶

کچلاک میں شوہر نے 15 سالہ بیوی کو قتل کر دیا

کوئٹہ (ویب نیوز) کچلاک کے علاقے میں پولیس کے مطابق ایک شخص نے اپنی 15 سالہ بیوی کو مبینہ طور پر چاقو اور خنجر کے وار کرکے قتل کر دیا، جبکہ پولیس نے واقعے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر 15 سال تھی اور تقریباً دو سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی، جبکہ وہ ملزم کی دوسری بیوی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات شروع کر دیں۔ کچلاک تھانے کے ایس ایچ او جمیل بازی کے مطابق پولیس نے قتل کے الزام میں چمن کے رہائشی کامران ولد عبد الستار کو گرفتار کیا ہے، جو اس سے قبل بھی ایک مقدمے میں اشتہاری رہ چکا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جمع کیے گئے شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔