تازہ ترین ۹ ستمبر ۲۰۲۶

چمن: کارکن کے قتل کیخلاف پشتونخوا میپ کا ڈی سی کمپلیکس کے سامنے دھرنا جاری ہے

چمن( سید سردار محمد خوندئی )

گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن نظر محمد کے قتل کے خلاف آج پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چمن کمپلیکس کے سامنے پہنچے اور لاش رکھ کر احتجاجی دھرنا دے دیا۔

اس احتجاجی جلسے سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے خطاب کیا۔

مقررین نے اس المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ قاتلوں کی گرفتاری کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے فوری کارروائی کرے، بصورتِ دیگر ہم اس احتجاج کو مزید وسعت دیں گے۔

مقررین نے کہا کہ ایسے واقعات انتظامیہ اور ملکی اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔ ضلع چمن کو ڈاکوؤں اور مسلح جتھوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، یہاں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں۔