کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا محمود الحسن قاسمی، مرکزی نائب امیر مولانا عبدالوہاب ڈھیر، مولانا عبدالروف، سرپرست اعلیٰ مولانا ڈاکٹر شمس الہدیٰ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی اور مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ نے سعودی عرب پر اہم شہری تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی تنصیبات پر حملہ نہ صرف ایک برادر اسلامی ملک کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام اور عالمی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ جمعیت نظریاتی کے رہنماؤں نے کہا کہ سعودی عرب کے امن و استحکام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات وابستہ ہیں اور سرزمین حرمین شریفین پر کسی بھی قسم کا حملہ، اشتعال یا دھمکی پوری اسلامی دنیا کے لیے ناقابل قبول اور باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک اس وقت بیرونی مداخلت، بدامنی اور عدم استحکام جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ مسلم ممالک کے خلاف محاذ آرائی اور بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ رہنماؤں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مسلم ممالک کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہوں، کیونکہ اسلامی دنیا کی بقا، امن اور سلامتی باہمی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی میں مضمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک کے امن و سلامتی کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے اور بالخصوص حرمین شریفین کا تحفظ، امن اور سلامتی پوری اسلامی دنیا کی دینی و ملی ذمہ داری ہے۔
