تازہ ترین ۸ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان کی ترقی اور امن کے لیے مل کر کام کریں گے، میر سلیم خان خوچئی

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی مواصلات کے وزیر میر سلیم خان خوچئی نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ سب مل کر بلوچستان کی تعمیر و ترقی، امن و امان کی بحالی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ اے این این نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ترقی کے شعبے میں کئی بڑے منصوبے مختص کیے ہیں، جن کی تکمیل سے بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وہ واحد سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک اور عوام کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سکیورٹی فورسز، بالخصوص پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف شروع کی گئی جدوجہد کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچائے گی اور مستقبل میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک بار پھر بعض عناصر حالات خراب کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں، تاہم ان کی کوششیں نہ ماضی میں کامیاب ہوئیں اور نہ ہی مستقبل میں انہیں کامیاب ہونے دیا جائے گا۔ میر سلیم خان خوچئی نے کہا کہ بلوچستان کا سب سے اہم مسئلہ بے روزگاری ہے، حکومت عوام بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے سنجیدہ پالیسی تشکیل دے گی تاکہ روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔