کھیل ۱۵ مئی ۲۰۲۶

پاکستان اور بنگلہ دیش کا دوسرا ٹیسٹ آج سلہٹ میں شروع ہوگا، بارش کا امکان

سلہٹ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج سلہٹ میں شروع ہوگا، تاہم موسم کی خرابی اور بارش کی پیشگوئی کے باعث میچ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی کوشش کی، لیکن وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث ٹریننگ سیشن متاثر رہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلے جبکہ پاکستان ٹیم نے دوسرے سیشن میں انڈور ٹریننگ کی۔ بارش رکنے کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پچ کا جائزہ بھی لیا۔ محکمہ موسمیات نے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں شکست پر مایوسی ہوئی، تاہم ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کرے گی۔