کوئٹہ (ویب نیوز) رپورٹس کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک کی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہاں زیرِ تعلیم افغان طلبہ کو افغانستان واپسی میں سہولت فراہم کی جائے اور آئندہ اطلاع تک نئے افغان طلبہ کو داخلہ نہ دیا جائے۔ عرب نیوز کے مطابق پی ایم ڈی سی نے یکم ستمبر کو جاری ایک خط میں کہا ہے کہ وہ افغان طلبہ جو پہلے ہی پاکستان کے میڈیکل یا ڈینٹل پروگرامز میں داخل ہیں، انہیں افغانستان واپس جانے کی سہولت فراہم کی جائے، جبکہ تعلیمی ادارے ان کے انخلا کے لیے ضروری انتظامی کارروائی، بشمول این او سی کے اجرا، مکمل کریں۔ کونسل کے مطابق رواں تعلیمی سال کے دوران مزید اطلاع تک افغان شہریوں کو نئے داخلے، طلبہ کی منتقلی، تعلیمی مائیگریشن یا دیگر سہولیات کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے افغان شہریوں کی واپسی اور بے دخلی کا عمل تیز کر دیا ہے اور اسلام آباد اور افغان حکومت کے درمیان تعلقات میں بھی مزید کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ پی ایم ڈی سی نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس وقت پاکستان کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں کتنے افغان طلبہ زیرِ تعلیم ہیں اور آیا اپنی تعلیم مکمل کرنے کے قریب طلبہ کو اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا یا نہیں۔ کونسل کے ایک عہدیدار نے عرب نیوز کو خط کی تصدیق کی ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
