پاکستان ۸ ستمبر ۲۰۲۶

ایک سال میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ترجیح ہے، وزیراعظم

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا، جبکہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے وصول کیے گئے اور برآمدات میں اضافے کے لیے تمام چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے قبل بھی صنعتکاروں سے مشاورت کی گئی اور مشکل حالات کے باوجود بنیادی اصلاحات پر پیش رفت کی گئی۔ اس موقع پر کاروباری وفد نے مشاورتی عمل جاری رکھنے کو معیشت کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔