اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی ہدایت پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی اداروں کے خلاف شکایات کا جائزہ لینے کے لیے سینئر ایڈوائزر احمد فاروق کی سربراہی میں ایڈوائزر میجر جنرل (ر) ہارون سکندر پاشا، کنسلٹنٹ پرویز حلیم راجپوت اور کنسلٹنٹ خالد سیال پر مشتمل معائنہ ٹیم نے گزشتہ روز اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ٹیم نے مشاہدہ کیا کہ ایئرپورٹ پر موجود مختلف اداروں کے درمیان مطلوبہ سطح کی ہم آہنگی موجود نہیں، جس پر ایئرپورٹ انتظامیہ کو اداروں کے درمیان باہمی رابطہ اور تعاون مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ معائنہ ٹیم نے مسافروں سے بھی ملاقات کی، ان کی شکایات سنیں اور مسائل کے فوری حل کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد نے امیگریشن میں غیر معمولی تاخیر، اور کسٹمز کے اہلکاروں کی جانب سے غیر ضروری پریشانی، سامان کی تاخیر سے وصولی اور واش رومز کی خراب حالت سے متعلق شکایات کیں۔ دورے کے دوران ٹیم نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ بزرگ اور وہیل چیئر استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے مخصوص کاؤنٹرز پر کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ ٹیم کے سربراہ نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، بالخصوص بزرگ اور خواتین مسافروں کے لیے مخصوص کاؤنٹرز پر ہر وقت متعلقہ نمائندے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے سابقہ دوروں کے دوران مختلف ٹیموں کی جانب سے دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور بعض سفارشات پر عمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ گزشتہ دورے کے دوران کارگو سینٹر کے باہر مسافروں کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات، کیفے ٹیریا اور بینک کی برانچ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم تاحال اس پر عمل نہیں ہوا۔ ٹیم کے سربراہ نے اس صورتحال پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر کارگو سینٹر کے اندر بینکنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔ گزشتہ دورے میں یہ بھی ہدایت کی گئی تھی کہ کسی مسافر کو واضح اور مستند وجوہات کے بغیر آف لوڈ نہ کیا جائے۔ ٹیم کو بتایا گیا کہ اب آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کو آف لوڈ کرنے کی وجوہات اور شواہد تحریری طور پر فراہم کیے جاتے ہیں اور ان کا مکمل ریکارڈ بھی محفوظ کیا جاتا ہے۔ ایئرپورٹ کی کینٹین اور اسٹورز میں اشیائے ضروریہ کی زائد قیمتوں سے متعلق شکایات پر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ اشیائے ضروریہ کی مارکیٹ قیمتیں اور ایئرپورٹ پر ان کی فروخت کی قیمتوں کی فہرست نمایاں طور پر آویزاں کی جائے۔ ٹیم نے وفاقی محتسب کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے ’’ایک جگہ سہولت ڈیسک‘‘ کا بھی معائنہ کیا، جہاں 12 وفاقی اداروں کے نمائندگان سے شکایات کی نوعیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور شکایات و حاضری رجسٹرز کا بھی جائزہ لیا۔ معائنہ ٹیم نے ایئرپورٹ پر وفاقی حکومت کے اداروں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کیا اور متعلقہ اداروں کے مقامی سربراہان کو ہدایت کی کہ مسافروں، بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ معائنہ ٹیم نے اپنی ابتدائی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کردی ہے۔
